Wednesday 4 September 2013

مائیکروسافٹ کا نوکیا موبائل خریدنے کا اعلان

مائیکروسافٹ نے نوکیا کے موبائل فون بنانے والے یونٹ کو 4.6 بلین ڈالر میں خریدنے کا اعلان کیا ہے۔
مائیکروسافٹ نے نوکیا کے موبائل فون بنانے والے یونٹ کو 4.6 بلین ڈالر میں خریدنے کا اعلان کیا ہے۔ نوکیا اس کاروبار سے متعلقہ تمام پیٹنٹ بھی مائیکروسافٹ کو فروخت کرے گی۔ دونوں کمپنیوں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یہ فروخت 2014 کے ابتدا میں مکمل کی جائے گی جب نوکیا کے بتیس ہزار ملازمین مائیکروسافٹ منتقل ہو جائیں گے۔ نوکیا جو ایک زمانے میں موبائل فون بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی تھی کو گزشتہ چند سالوں سے سام سنگ اور ایپل کی جانب سے شدید مقابلے کا سامنا ہے۔ اس فروخت کے لیے لازمی ہے کہ نوکیا کے شییر ہولڈرز یعنی حصے دار اس کی منظوری دیں۔ مائیکروسافٹ کے سربراہ سٹیو بالمر نے کہا کہ ’یہ مستقبل کی جانب ایک بہت بڑا قدم ہے اور ملازمین، حصےداروں اور صارفین کے لیے ایک بہتری کی صورت‘۔ مائیکروسافٹ جو ٹیکنالوجی کی دنیا کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے کو بھی کافی مشکلات کا سامنا ہے جب سے اس کے روایتی پی سی مارکیٹ کو سمارٹ فونز اور لیپ ٹاپس نے چیلنج کیا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ کمپنی نے موبائل فون کی ابھرتی مانگ کو نظر انداز کیا اور اس پر ردِ عمل دکھانے میں دیر کی۔ مائیکروسافٹ نے اپنی ٹیبلٹ پی سی کو گزشتہ سال فروخت کے لیے پیش کیا مگر اس کی فروخت بہت سست روی کا شکار ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ کمپنی چاہتی ہے کہ اس کی موبائل فون کی منڈی میں ترجیحات اور منصوبہ بندی درست ہو۔ کنسلٹنٹس فروسٹ اینڈ سلوین کے منوج مینن کا کہنا ہے کہ ’واضح طور پر یہ لگتا ہے کہ اس کمپنی کی بنیادی ترجیح ہے کہ وہ اپنی منصوبہ بندی درست کرے اور اس نکتۂ نظر سے یہ اقدام بہت درست ہے مگر سوال یہ ہے کہ وہ اب اس کے آگے کس حد تک درست اقدامات لیتے ہیں۔‘